تحریک انصاف کا مرکزی سیکرٹریٹ ایک بار پھر سیل
وفاقی دارالحکومت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا مرکزی دفتر ایک بار پھر سیل کردیا گیا، میٹروپولیٹن کارپوریشن نے فائر اینڈ لائف سیفٹی انتظامات نہ ہونے پر نوٹس جاری کیا۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر کو ایک بار پھر سیل کرنے کے حوالے سے نوٹس جاری کیا گیا ہے، نوٹس فائر اینڈ لائف سیفٹی انتظامات نہ ہونے پر جاری کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے سیکرٹریٹ پر چھاپہ مار کر سیکریٹری اطلاعات رف حسن کو گرفتار کر لیا تھا۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پولیس پی ٹی آئی سیکریٹریٹ سے کمپیوٹر اور دیگر سامان ساتھ لے گئی تھی۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی دفتر میں قائم ڈیجیٹل میڈیا سیل پرشواہد کی بنیاد پر چھاپہ مارا گیا، پی ٹی آئی کا ڈیجیٹل میڈیا مرکز انٹرنیشنل ڈس انفارمیشن کا حب بنا ہوا تھا۔
دریں اثنا، پی ٹی آئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اسلام آباد پولیس پی ٹی آئی کو ٹارگٹ کرنے میں مصروف ہے۔
واضح رہے کہ 24 مئی کو اسلام آباد کی کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) اتھارٹی نے بلڈنگ قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد سیکرٹریٹ کو سیل کردیا تھا۔25 مئی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں اپنا مرکزی سیکریٹریٹ سیل کرنے اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے آپریشن کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا تھا۔
3 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کا مرکزی سیکریٹریٹ سیل کرنے اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے آپریشن کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
4 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹریٹ کو فوری ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا۔