علی امین گنڈاپور کے شراب واسلحہ برآمدگی کیس میں وارنٹ گرفتاری برقرار
اسلام آباد کی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کو وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرانے کا حکم دے دیا۔ہفتہ کو سینئر سول جج مبشر حسن چشتی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین گنڈا پور کے خلاف کیس کی سماعت کی جس کے دوران عدالت نے شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں ملزم کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے اور حاضری سے استثنی کی درخواست بھی مسترد کردی۔عدالت نے ایس ایس پی آپریشنز کو حکم دیا کہ وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرائیں اور آئندہ سماعت تک وارنٹ کی تعمیل نہ کرائی گئی تو ایس ایس پی آپریشنز ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔عدالت نے حکم دیا کہ ایس ایس پی وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہونے کی وجوہات کے بارے میں آگاہ کریں گے۔بعدازاں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 نومبر تک ملتوی کر دی۔