9 مئی مقدمات: عمران خان سے تفتیش کیلئے پولیس ٹیم جیل پہنچ گئی، ٹیسٹ بھی ہونگے
لاہور میں درج 9 مئی کے مقدمات کی تفتیش کرنے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (پی ایف ایس اے) کی ٹیم سابق وزیر اعظم عمران خان کا پولی گرافک، وائس میچنگ اور فوٹو گرامیٹری ٹیسٹ کرنے اڈیالہ جیل پہنچ گئی۔
پی ایف ایس اے کے عابد ایوب، انسپکٹر وقاص خالد بھی اڈیالہ جیل کے اندر روانہ ہوگئے، پنجاب فرانزک سائنس کے ماہرین کے ساتھ لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم بھی موجود ہے۔
لاہور پولیس ٹیم گیٹ 5 سے اڈیالہ جیل کیاندر روانہ ہو گئی، لاہور پولیس ٹیم ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) جاوید کی سربراہی میں اڈیالہ جیل کے اندر روانہ ہو ئی، انسپکٹر رانا اکمل، رانا ارحم، عالم لنگڑیال، رانا منیر اور محمد علی بھی اڈیالہ جیل کے اندر روانہ ہوگئے۔
لاہور پولیس ٹیم عمران خان سے 9 مئی واقعات سے متعلق مختلف سوالات کرے گی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی لاہور میں درج 9 مئی واقعات کی تفتیش کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان کا پہلی مرتبہ پولی گرافک ٹیسٹ کرنے فرانزک ٹیم لاہور سے اڈیالہ جیل پہنچ گئی تھی۔
یاد رہے کہ لاہور پولیس نے عمران خان کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر رکھا ہے ، لاہور ٹیم عمران خان سے کی گئی تفیشی پیش رفت رپورٹ عدالت پیش کرے گی۔