مولانا مسعود کے قتل میں ملوث کالعدم تنظیم کے دو کارکن گرفتار
اسلام آباد: مولانا مسعود الرحمان عثمانی قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی، سیکیورٹی اداروں نے مولانا کے قتل میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس اور سول حساس ادارے نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مشترکہ کارروائی کی، مولانا کو گولی مارنے اور منصوبہ بندی کرنے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کو اسلام آباد میں کریک ڈاؤن کے دوران گرفتار کیا گیا جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور ملزمان کے بیرون ممالک سے بھی رابطے تھے۔
ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہا ہے کہ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے 700 سے زائد ویڈیوز کی جانچ پڑتال کی، کیس کی تفتیش کے لیے 5 ٹیمیں تشکیل دی گئیں جو مختلف پہلوؤں پر کام کر رہی ہیں، ایس ایس پی آپریشنز ڈویژن اور ایس پیز نے ملزمان کو ٹریس کرنے کے لیے بھرپور محنت کی۔
ترجمان کے مطابق آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے تحقیقاتی ٹیم کو مبارکباد دی۔