ویسٹ انڈیز کو8 وکٹوں سے شکست ،آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے بر تری
میزبان آسٹریلوی ٹیم نے 232 رنز کا ہدف 38 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا
میلبورن۔آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔میزبان آسٹریلوی ٹیم نے 232 رنز کا ہدف 38 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کپتان سٹیو سمتھ ، کیمرون گرین اور جوش انگلس سمیت تین آسٹریلوی بلے بازوں نے نصف سنچریاں سکور کیں، ان کے علاوہ اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز کرنے والے زیویر بارٹلیٹ نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، ان کو شاندار بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔جمعہ کو میلبورن کرکٹ گرائونڈ(ایم سی جی )میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48.4 اوورز میں 231 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی اور اس نے کینگروز کو میچ میں کامیابی کے لئے 232رنز کا ہدف دیا۔ کیسی کارٹی88 اور روسٹن چیسی 59 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ہیڈن والش20،میتھیو فورڈ19رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی طرف سے اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز کرنے والے زیویر بارٹلیٹ نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،شان ایبٹ اور کیمرون گرین نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کی طرف سے ملنے والا 232 رنز کا ہدف 38 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کپتان سٹیو سمتھ ناقابل شکست 79، کیمرون گرین ناقابل شکست 77 اور جوش انگلس 65 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔اس فتح کے ساتھ آسٹریلیا کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے میتھیو فورڈ اور گڈاکیش موتی نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ زیویر بارٹلیٹ نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔