وزیراعلی مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس
لاہور: وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اعلی حکام نے امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سمیت اعلی حکام نے شرکت کی، آئی جی پنجاب نے صوبے میں امن و امان اور پولیس کی کارکردگی پر بریفنگ دی، وزیراعلی مریم نواز شریف نے محفوظ پنجاب کے لیے اپنے وژن کی روشنی میں پالیسی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ٹیکسلا میں معمر خاتون کو تھپڑ مارنے کے واقعہ کا بھی سخت نوٹس لیا۔
وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والا قانون توڑے گا تو قانون کا احترام کون کرے گا؟ قانون کے خلاف کوئی رویہ برداشت نہیں کروں گا، امن و امان ضروری ہے لیکن شہریوں کا احترام، انہیں توہین سے بچانا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اصلاحات، جدید آلات، ٹیکنالوجی اور تربیت سے پولیس کو عوامی خدمت کی فورس بنائیں گے۔ خواتین، بچوں اور اقلیتوں کے خلاف تشدد ہماری حکومت کی ریڈ لائن ہے۔ رشوت کے خلاف زیرو ٹالرنس اور میرٹ میری پالیسی ہے۔ اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، قانون کے مطابق ایف آئی آرز کا تیزی سے اندراج، ڈیجیٹل اور آئی ٹی سسٹم کے استعمال میں مزید بہتری آئے گی۔