بونیرمیں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید
بونیر: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کو ہلاک اور اس کے دو ساتھیوں کو زخمی کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بونیر میں آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشت گردوں کا سرغنہ سلیم عرف ربانی ہلاک اور 2 دہشت گرد زخمی ہوئے جب کہ دہشت گردوں سے مقابلے میں 2 بہادر جوان بھی شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے لانس نائیک حسیب جاوید اور حوالدار مدثر محمود شہید ہوئے۔
حوالدار مدثر محمود شہید کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے جنہوں نے 16 سال تک پاک فوج میں خدمات انجام دیں، انہوں نے اپنے پیچھے والدین، بیوی اور 2 بیٹے چھوڑے ہیں۔
لانس نائیک حسیب جاوید شہید کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ سے ہے، لانس نائیک حسیب جاوید شہید نے 5 سال تک پاک فوج میں خدمات انجام دیں اور ان کے پسماندگان میں والدین، اہلیہ اور ایک بیٹی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد سلیم عرف ربانی سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا، ہلاک دہشت گرد بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا، ہلاک دہشت گرد سلیم انتہائی مطلوب تھا اور حکومت کو اس کی قیمت چکانی تھی۔ سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر تھی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔