تھانہ سہالہ مقدمہ میں سابق ایس ڈی او نامزد ہیں ، عثمان جاوید گل

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی )تھانہ سہالہ میں واپڈ ا اہلکاروں اور افسران کے خلاف درج مقدمہ میں ایڈیشل سیشن جج اسلام آباد ایسٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری کروانے والے ایس ڈی او عثمان جاوید گل نے کہاہے کہ اس مقدمہ میں سابق ایس ڈی او نامزد ہیں ، جن لائن مینوں کے خلاف مقدمہ درج ہوا ، ان میں سے تین کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز ہوچکا، جو لائن مین دو دہائیوں سے علاقے میں ہے اس کی تعیناتی یا تبادلہ کا حکم اتھارٹی کرتی ہے۔خصوصی گفتگومیں وہ اس امر پر زور دیتے رہے کہ انھوں نے تھانہ سہالہ میںدرج مقدمہ میں ایس ڈی او ہونے پر ضمانت قبل ازگرفتاری کروائی ہے ، ایف آئی آر میں ایس ڈی او کے عہدے کا ذکرہے، میری جوائنگ سے قبل واقعہ رونماہوچکاتھا، اب جب مقدمہ درج ہوچکاہے تو مجھے بطورایس ڈی ا وضمانت کروانی پڑی ، عدالت اورتھانہ میں اپنی جوائنگ رپورٹ سمیت دیگر کاغذات جمع کروادونگا، ادھر پولیس ذرائع کاکہناہے کہ جب مقدمہ درج ہوا تو اس وقت عثمان جاوید گل ہی ایس ڈی او کے عہدے پر کام کررہے تھے ، شہریوں کا کہناہے کہ ایس ڈی او عثمان جاوید گل اگر ملزم نہیں تھے تو وہ ضمانت کروانے کیوں گئے ، جب کہ سابق ایس ڈی او کوضمانت کروانی چاہیے تھی مگر انھوں نے ضمانت نہیں کروائی اور موصوف خود ہی ضمانت کروانے چل پڑے ۔