بنوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 8 خوارج ہلاک، میجر سمیت 3 جوان شہید
بنوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 8 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں میجر عاطف خلیل سمیت 3 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنوں کے علاقے بکا خیل میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 8 خوارج جہنم واصل، 7 زخمی ہوگئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر عاطف خلیل 2 جوانوں سمیت بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، شہید جوانوں میں نائیک آزاد اللہ اور لانس نائیک غضنفر عباس شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید میجر عاطف خلیل کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقے سدھنوتی سے تھا، شہید نائیک آزاد اللہ کرک اور لانس نائیک غضنفر عباس شہید لیہ کے رہائشی تھے۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے خوارج کے خاتمے کےلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کےلیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔