راولپنڈی، اسلام آباد میں موسلادھار بارش کےبعد ندی نالے بپھر گئے، کئی علاقے زیر آب ، عوام محصور

راولپنڈی اسلام آباد اور نواحی علاقوں میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی، نالہ لئی میں پانی کی سطح 21 فٹ سے تجاوز کر گئی، دریائے سواں میں شدید طغیانی نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل، درجنوں گاڑیاں پانی میں بہہ گئی، چکری کے علاقے لادیاں میں پھنسے 19 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔راولپنڈی میں ریکارڈ بارش نے ہر طرف تباہی مچادی، نالہ لئی میں پانی کی سطح 21 فٹ تک بلند ہوئی، خطرے کے سائرن بجا کر لوگوں کو انخلاء کی ہدایت کی گئی۔شہری گھروں کی چھتوں پر ازانیں دے کر اللہ سے مدد طلب کرتے رہے،پیرودہائی، ٹینچ بھاٹہ، اریہ محلہ، ڈھوک سیداں، قریشی آباد، گرجاروڈ، دھمیال، چکری، اڈیالہ روڈ، ندیم کالونی، جاوید کالونی پانی گھروں میں داخل ہوا جس سے شہریوں کا قیمتی فرنیچر، گاڑیاں اور ضروری سامان تباہ ہوگیا۔نالہ لئی سے گزرنے والے ریلے نے دریائے سواں کے مقام پر تباہی مچائی، پوش ہاوسنگ سوسائٹیز میں بھی پانی داخل ہونے سے شہری محبوس رہے۔واسا حکام کے مطابق راولپنڈی اسلام اباد میں مجموعی طور پر 250 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گی سب سے زیادہ بارش گوالمنڈی کے مقام پر 235 ملی میٹر، نیوکٹاریاں میں 220 ملی میٹر اور پیرودہائی میں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔کمشنر راولپنڈی عامر خٹک کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 سمیت تمام ادارے ہائی الرٹ ہیں۔ریسکیو 1122 نے پورے ضلع میں ریسکیو آپریشن جاری کر رکھا ہے، ترجمان کے مطابق لادیاں میں پھنسے 19 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا، جبکہ مجموی طور پر 59 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ہاتھی چوک نالے میں ڈوبنے والے بچے کی تلاش کی جارہی ہے، راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ، چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ، راولپنڈی ویسٹ منیجمینٹ کمپنی سمیت تمام ادارے فیلڈ میں رہ کر شہریوں کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں،