ایک صوبے پر 15 سال حکومت کرنے والی جماعت نے 15 منصوبے بھی نہیں بنائے، مریم نواز
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف دن رات کام کر رہے ہیں کہ منتخب ہونے پر بجلی کا بل کیسے کم کیا جائے۔
مریم نواز نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے علاوہ دیگر جماعتوں نے کچھ نہیں کیا، ان کا کام صرف تنقید اور الزامات لگانا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ آج کل پنجاب میں کچھ ایسی جماعتیں بھی آئی ہوئی ہیں جنہوں نے 15 سال ایک صوبے پر حکومت کی لیکن ان کو گنوانے کے لئے 15 منصوبے بھی نہیں ہیں۔ پنجاب آکر نواز شریف پر تنقید کرتے ہیں۔ انہیںمعلوم ہے پنجاب نواز شریف پر تنقید نہیں سنتا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں مجھے اپنے والد کا ساتھ دینے کی سزا ملی، مجھ پر صرف والد کے ساتھ کھڑا ہونے کا الزام لگایا گیا، جان جاتی تو جائے’ کرسی بھی چلی جاتی لیکن میں اپنے والد کے ساتھ کھڑی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف ان دنوں صرف ایک چیز پر کام کر رہے ہیں کہ اگر اللہ تعالی انہیں منتخب کیا تو عوام کے بجلی کے بل کیسے کم کیے جائیں، گیس کے مسائل کیسے حل کیے جائیں، عوام کو مہنگائی سے کیسے نجات دلائی جائے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ اللہ کے واسطہ سمجھداری سے ووٹ دیں، کیونکہ اسی نے ہماری نسلوں کا فیصلہ کرنا ہے، ہم نے یہ ملک چھوڑ کر کہیں نہیں جانا، میرے بچے یہیں رہیں گے۔