بانی پی ٹی آئی عمران خان اب جلد باہر آجائیں گے’بیرسٹرگوہر
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹرگوہر نے عدت نکاح کیس میں سزا کالعدم قرار دیے جانے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آخری کیس تھا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی ہونی چاہیے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اللہ کاشکر ہے آج انصاف کا بول بالا ہوا، عمران خان کو مجبور کرنے کے لیے کیس بنایا گیا۔
بیرسٹرگوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سپریم کورٹ کے کل کے فیصلے سے خوش ہیں، مزید کہا کہ یہ آخری کیس تھا، بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہونی چاہیے، مشکلات میں ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس فیصلے پر عدلیہ کو سلام پیش کرتے ہیں، عدلیہ اب مزید مضبوط ہونی چاہیے، مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹرعلی ظفر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اب جلد باہر آجائیں گے، سائفر کیس میں بھی عمران خان بری ہوگئے ہیں، بانی پی ٹی آئی اب جلد باہر آئیں گے۔