پہلے آڈیشن میں بہت بے عزتی ہوئی، منیب بٹ
کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اداکار منیب بٹ نے اپنے ابتدائی کریئر کی تلخ حقیقت بتا دی۔ منیب بٹ نے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کے بارے میں بتایا جب وہ اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والے تھے۔ منیب بٹ نے کہا کہ جب میں پہلا آڈیشن دینے گیا تو وہاں جا کر کرسی پر بیٹھ گیا تو ایک شخص نے آکر مجھے کہا کہ زمین پر بیٹھ جاؤ کیونکہ یہ کرسی اداکاروں کے لیے ہے۔ اس نے کہا کہ اس دن بہت گرمی تھی، میں زمین پر بیٹھا ہوا تھا کہ مجھے پیاس لگی۔ میں نے اس سے پانی مانگا تو اس نے کہا کہ اگر تم پانی پینا چاہتے ہو تو باہر چوکیدار کے ساتھ کولر ہے، وہاں جا کر پانی پیو کیونکہ یہاں صرف اداکاروں کو پانی دیا جاتا ہے۔ منیب بٹ نے کہا کہ اس آڈیشن نے مجھے بہت دکھی کیا، میں گھر آکر بہت رویا لیکن میں نے اس بے عزتی کو اپنی کمزوری نہیں بلکہ اپنی طاقت بنایا۔ دین نے خود سے وعدہ کیا کہ میں کبھی حوصلہ نہیں ہاروں گا اور میں بھی ایک دن بڑا اداکار بنوں گا۔ منیب بٹ نے مزید کہا کہ الحمدللہ! آج لوگوں کی نظروں میں میری شہرت، کیرئیر اور عزت ہے۔