نامعلوم نمبرز یا ای میل سے موصول فائل کو ڈان لوڈ نہ کرنے کی ہدایت، کابینہ ڈویژن کا مراسلہ جاری
ہیکرز حساس سرکاری معلومات چرانے کیلئے ایک بار پھرسرگرم ہوگئے جس کے بعد کابینہ ڈویژن نے تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اورصوبائی حکومتوں کو مراسلہ بھجوادیا۔
ہیکرز نے حکومتی افسران پر مختلف واٹس ایپ نمبرز اور جعلی ای میلز کے ذریعے سائبر حملے شروع کردیے۔
کابینہ ڈویژن کے مراسلے کے مطابق ہیکرز کی جانب سے مختلف واٹس ایپ نمبرز اور جعلی ای میلز کے ذریعے ٹارگٹ کرکے سائبر حملے کیے جاتے ہیں، ہیکرز وائرس شدہ پیغامات بھیجنے کیلئے مختلف موبائل نمبرز اور ای میلز کاسہارا لیتے ہیں اور فیک ڈومین والے نمبرز سے ہیکرز وائرس کے ذریعے سائبر حملے کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہیکرز مختلف سسٹمز تک رسائی کیلئے ایک سافٹ وئیر کا استعمال کر کے فائلز بھی بھیجتے ہیں۔
مراسلے میں ڈیپارٹمنٹس کو نامعلوم نمبرزیا ای میل سے موصول فائلوں کو ڈان لوڈ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور تمام سرکاری اداروں کے افسران اورعملے کو ہدایات پرعمل درآمد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔