آج کی تازہ ترین خبریںپاکستان

لودھراں میں حادثے کا شکار عوام ایکسپریس ٹرین کا بلیک باکس نکال لیا گیا

لودھراں میں حادثے کا شکار ہونے والی عوام ایکسپریس ٹرین کا بلیک باکس نکال لیا گیا۔بلیک باکس سے معلومات ملنے کے بعد یہ پتہ چل سکے گا کہ ڈرائیور نے بروقت بریک کیوں نہیں لگایا اور گاڑی کی اسپیڈ 15 کلومیٹر فی گھنٹہ ہونے کے بجائے زیادہ کیوں تھی۔ فیڈرل انسپکٹر آف ریلوے نے لودھراں ٹرین حادثے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ڈرائیور سمیت دیگر ملازمین کے بیانات بھی قلم بند کر لیے گئے ہیں۔ ریلوے ذرائع کے مطابق انکوائری رپورٹ مکمل ہوتے ہی وزارت ریلوے کو بھجوا دی جائے گی۔ دوسری جانب اسلام آباد ایکسپریس ٹرین حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ وزارتِ ریلوے کو جمع کرا دی گئی ہے مگر اس رپورٹ میں جن افسران اور ملازمین کو ذمہ دار قرار دیا گیا ان کے خلاف تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ ریلوے ٹریک کی خستہ حالی ہو یا ڈرائیور کی کوتاہی، مسافروں کے لیے ریل گاڑی سے سفر کرنا وبالِ جان بنتا جا رہا ہے۔ اسلام آباد ایکسپریس کے بعد لودھراں میں عوام ایکسپریس بھی حادثے کا شکار ہو گئی۔ رواں ماہ اب تک مختلف ٹرینوں کے ڈی ریلمنٹ اور حادثات کے 9 واقعات پیش آ چکے ہیں۔ پاکستان ریلویز کی تاریخ میں پہلی بار ایک ماہ کے دوران اتنے حادثات رپورٹ ہوئے ہیں۔اسلام آباد ایکسپریس کی انکوائری رپورٹ مکمل ہو کر وزارتِ ریلوے کو فراہم کر دی گئی ہے مگر تاحال ان افسران کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی جن پر غفلت اور لاپروائی کی ذمہ داری عائد کی گئی تھی۔ اتوار کے روز ایک اہم اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے افسران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب کسی کو نہیں چھوڑوں گا، افسران ایئر کنڈیشنڈ کمروں سے باہر نکلیں، ٹریک کی انسپکشن کریں اور ڈرائیوروں کے ریفریشر کورسز کرائے جائیں۔ عوام ایکسپریس حادثے کی ابتدائی رپورٹ میں بھی یہی بتایا گیا کہ بروقت بریک نہ لگانے کے باعث حادثہ پیش آیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button