آج کی تازہ ترین خبریںپاکستان

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا خیبرپختونخوا کا دورہ، تجاوزات اور ٹمبر مافیا کیخلاف سخت کارروائی کا حکم

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل آرمی چیف نے خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ اضلاع کا دورہ کیا اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزراء اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع سوات، بونیر، شانگلہ اور صوابی کا دورہ کیا۔وزیراعظم اور آرمی چیف کو خیبرپختونخوا میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔ متاثرین سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وفاقی حکومت اور پاکستان آرمی کی طرف سے مکمل امداد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعظم نے سیلاب زدگان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مسلح افواج اور سول انتظامیہ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد بحالی کے لیے تمام قومی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے پانی کی گزرگاہوں میں غیر قانونی تجاوزات، ٹمبر مافیا اور غیر قانونی مائننگ و کرشنگ سرگرمیوں کو جانی و مالی نقصان کا بڑا سبب قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی کا حکم دیا۔وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کو ایک سخت ریاست کے طور پر کام کرنا ہوگا جہاں کوئی قانون سے بالاتر نہ ہو۔آرمی چیف نے بھی ریسکیو مشن میں مصروف فوج، پولیس اور سول انتظامیہ کے عملے سے ملاقات کی اور ان کی بے لوث خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متاثرین کی مدد کو اولین ترجیح دی جائے اور کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔دورے کے آغاز پر وزیراعظم اور شرکاء نے سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی جب کہ وزیراعظم کی آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا۔بونیر میں خطاب،اپنے دورے کے دوران بونیر میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں کے ضیاع سے بڑھ کر دردناک بات کوئی نہیں ہوسکتی، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور جی بی میں سیلاب سے 700 تک اموات ہوئیں، ہم نے 2022ء میں سیلابی کے دوران دردناک صورتحال دیکھی۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے 2022ء میں صوبوں کو امداد کی مد میں 100 ارب روپے تک دیے، ہمیں تجاوزات کی روک تھام کے لیے سخت پالیسی اپنانی ہوگی، پاکستان کو سیلابی صورتحال کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کا بھی سامنا ہے، اگر ہم انسانی ذمہ داری پوری نہیں کررہے تو ہمارا ہی نقصان ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button