اسلام آباد: راولپنڈی کے سابق کمشنر لیاقت علی چٹھہ کے الزامات پر الیکشن کمیشن کی اعلی سطحی تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے راولپنڈی کے سابق کمشنر لیاقت علی چٹھہ کی پریس کانفرنس کی ٹرانسکرپٹ کے لیے پیمرا کو خط لکھ دیا۔
راولپنڈی ڈویژن کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے بیانات قلمبند کرنے کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔
راولپنڈی ڈویژن کے 6 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے تحریری گوشوارے جمع کرا دیئے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی تردید کی ہے۔
راولپنڈی ڈویژن سے قومی اسمبلی کے 13 حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں۔
انکوائری کمیٹی کل صوبائی اسمبلی کے 26 حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے بیانات قلمبند کرے گی۔
17 فروری کو کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے نگراں حکومت نے الیکشن کرانے کے لیے مقرر کیا تھا۔
میں الیکشن ٹھیک سے نہیں کروا سکا، استعفی دیتا ہوں۔کمشنر راولپنڈی نے دعوی کیا کہ میں اپنی ذمہ داری ٹھیک سے ادا نہیں کر سکا۔
قومی اسمبلی کے 13 حلقوں کے نتائج تبدیل کیے گئے، شکست خوردہ امیدوار جیت گئے۔
ان کے الزامات سامنے آنے کے بعد الیکشن کمیشن نے ان الزامات کی تحقیقات کے لیے اعلی سطحی تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا۔