صدر مملکت کی کچے میں امن و امان کیلئے قبائلی سرداروں پر مشتمل قومی جرگہ بلانے کی ہدایت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کچے کی سماجی واقتصادی حالت بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کچے میں امن، جرائم کی روک تھام اور ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے قبائلی سرداروں پر مشتمل قومی جرگہ بلانے ہدایت کر دی۔
صدر آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت سندھ میں سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال پر سکھر میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صدر مملکت کو صوبے کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی۔
صدر مملکت نے کہا کہ ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کچے کے جرائم پیشہ افراد کو بتدریج قومی دھارے میں لایاجائے، گھناؤنے جرائم میں ملوث کٹر مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے جرائم میں ملوث افراد کی بحالی کر کے ملک کا ذمہ دار اور کارآمد شہری بنانا چاہیے ۔
صدر مملکت نے کچے کے علاقے کے لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کچے کے علاقوں میں سڑکیں، صحت اور تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے۔
صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقے کے قبائلی سرداروں پر مشتمل ایک قومی جرگہ بلایا جائے ، جرگہ علاقے میں امن کے فروغ، سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کیلئے مقامی آبادی سے مذاکرات کرے گا۔ قومی جرگہ جرائم کی روک تھام ، علاقے کو ہتھیاروں سے پاک کرنے کیلئے کردار ادا کرے گا۔
صدر مملکت نے یکم مئی کے اجلاس کے دوران دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیس اور رینجرز کی مؤثر حکمت عملی کی وجہ سے سندھ بالخصوص کراچی اور کچے کے علاقوں میں جرائم اور تشدد میں کمی کا رجحان دیکھا گیا۔
آئی جی سندھ پولیس نے کہا کہ ڈاکوؤں کی سرگرمیوں میں خاطر خواہ کمی آئی ۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران ٹارگٹڈ آپریشنز اور اسمارٹ کیمروں کی تنصیب سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملی ۔ کیمروں کی مدد سے مجرموں اور ان کے معاونین کی شناخت اور گرفتاری میں مدد ملی ۔
ڈی جی رینجرز نے کہا کہ سندھ پولیس اور رینجرز کی جانب سے 133 مشترکہ آپریشنز کیے گئے ۔آپریشنز کے نتیجے میں سیکڑوں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ جرائم پر قابو پانے کیلئے کچے کے مختلف علاقوں میں اضافی چیک پوسٹیں قائم کی گئی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ صدر مملکت کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف مہم تیز کر دی گئی ہے ،308 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔ صوبے کے داخلی راستوں کی نگرانی کیلئے اسمارٹ کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں۔