ٹی20ورلڈکپ 2024کا فائنل معرکہ’بھارت’جنوبی افریقہ تاج کس کے سر سجے گا
بارباڈوس: آئی سی سی ٹی20ورلڈکپ 2024کا فائنل معرکہ آج بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین ہوگا، جیتنے والی ٹیم مختصر فارمیٹ کے چیمپئن کا تاج اپنے سر سجائے گی۔
بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ایونٹ کا فائنل آج بارباڈوس میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے شروع ہو گا، آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایونٹ کی 2ناقابل شکست ٹیمیں فائنل میں مد مقابل ہوں گی۔ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میں کامیاب ہونے کے بعد ناقابل شکست رہتے ہوئے دوسری ناقابل شکست ٹیم کو ہرا کر ٹورنامنٹ جیتنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن جائے گی۔
دوسری جانب فائنل معرکے کے دوران بارش بھی اپنا رنگ جمانے کیلئے تیار ہے، بارباڈوس میں ہفتے اور اتوار کو بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بارباڈوس میں صبح سے شام 6 بجے تک بارش کی پیش گوئی ہے جبکہ ورلڈ کپ کے فائنل میچ کے لیے اتوار کو ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے، اس دن بھی بارباڈوس میں بارش کا امکان ہے، اتوار کو صبح 11 سے شام 5 بجے کے درمیان بارش کا امکان ہے۔
پلیئنگ کنڈیشن کے مطابق میچ کے دونوں دن 190منٹ کا اضافی وقت ہے، میچ کا آفیشل دورانیہ مقامی وقت پر صبح ساڑھے 10سے دوپہر 1بج کر 40 منٹ تک ہے جبکہ اضافی وقت کی صورت میں کھیل شام 4 بج کر 50 منٹ تک جاری رہ سکے گا، اگر فائنل مکمل نہ ہوسکا تو انڈیا اور جنوبی افریقا مشترکہ چیمپئن قرار پائیں گے۔