پشاور’سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ’3دہشت گرد ہلاک’4جوان شہید
پشاور: پشاور کے علاقے حسن خیل میں فورسز کے ساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم سمیت 3دہشت گرد ہلاک جبکہ 4جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق پشاور کے علاقے حسن خیل میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کیا گیا، حکومت نے دہشتگرد کمانڈر عبدالرحیم کے سر کی قیمت 60لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں صوابی کا 24سالہ سپاہی محمد ادریس، کوہاٹ کا 34سالہ سپاہی بادام گل، سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹر تاج میر شاہ، اے ایس آئی محمد اکرم بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ پر 26مئی کو حملے میں ملوث تھا، مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز ملک میں امن اور استحکام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہیں۔