آج کی تازہ ترین خبریںاسلام آباد:پاکستانراولپنڈیکراچیلاہور

عاشورہ : ملک بھر میں جلوس اور مجالس کا اہتمام ،عزاداروں کا ماتم، سکیورٹی ہائی الرٹ

کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ: کراچی سمیت ملک بھر میں آج یومِ عاشور پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ بیشتر علاقوں میں موبائل فون سروس معطل ہے۔
نواسہ رسولۖ حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی کربلا میں عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں یومِ عاشور پر جلوس نکالے جا رہے ہیں، اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور بیشتر مقامات پر موبائل فون سروس بھی معطل کی گئی ہے۔
چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات سمیت ملک کے تمام علاقوں میں 10 محرم الحرام کے موقع پر مجالس عزا کا اہتمام کیا جا رہا ہے اور جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر ملک بھر میں اہم مقامات پر اضافی نفری طلب کرتے ہوئے بلند عمارتوں پر اسنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
کراچی میں 10 محرم الحرام کے حوالے سے مرکزی جلوس صبح 9 بجے نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو ایم اے جناح روڈ، تبت سینٹر سے گزرتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر ختم ہوگا۔ شہر قائد میں امن و امان کی صورت حال یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور شہر بھر میں ڈبل سواری پر پابندی کے علاوہ اسلحہ کی نمائش، ڈرون یا ہیلی کیم اڑانے پر بھی پابندی عائد ہے جب کہ مخصوص علاقوں میں موبائل فون سروس بھی معطل کی گئی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں بھی یوم عاشور کے موقع پر مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوکر شام کو کربلا گامے شاہ پر ختم ہوگا۔ اس حوالے سے صوبائی حکومت نے پنجاب بھر میں جلوس اور مجالس کے علاقوں میں موبائل فون سروس بند کررکھی ہے جب کہ دفعہ 144 کا نفاذ کرکے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ادھر پشاور میں بھی یوم عاشور پر امام مختلف امام بارگاہوں سے جلوس برآمد ہوں گے، جو مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے مقررہ مقامات پر ختم ہوں گے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی یوم عاشور کا مرکزی جلوس صبح گیارہ بجے امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہوکر مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر ختم ہوگا۔
کوئٹہ میں 10 محرم کے حوالے سے مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوکر مقررہ مقام پر ختم ہوگا۔ اس موقع پر شہر میں موبائل فون سروس معطل کی گئی ہے جب کہ اضافی نفری تعینات کرکے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button