حماد اظہر کا استعفی مسترد ‘پی ٹی آئی کورکمیٹی کا 22 اگست کو جلسے کے اقدامات کا جائزہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی کور کمیٹی نے حماد اظہر کا استعفی مسترد کردیا۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق اسلام آباد سیکریٹریٹ میں پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں حماد اظہر کے استعفے کو متفقہ طور پر مسترد کر دیا گیا اور ان سے درخواست کی گئی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو جاری رکھیں اور موجودہ مشکل وقت میں پارٹی کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
اجلاس میں اسلام آباد کا جلسہ ہر صورت میں 22 اگست کو کرنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی پنجاب کے صدر حماد اظہر نے پارٹی صدارت سے استعفی دیتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی میں بہت سے فیصلے ہوئے جن میں میری رضامندی شامل نہیں تھی اور بدقسمتی سے میری بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں ہے۔
تحریک انصاف لاہور کے صدر چوہدری اصغر گجر کو پہلے ہی ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، عہدے سے ہٹانے کی اطلاع پر تحریک انصاف لاہور کے صدر مستعفی ہو گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی لاہور کے صدر چوہدری اصغر گجر کے بعد سیکریٹری حافظ ذیشان رشید کے بھی مستعفی ہونے کا امکان ہے، حافظ ذیشان رشید نے اپنے استعفے کے حوالے سے مرکزی قیادت کو آگاہ کردیا ہے۔