پاکستان
قومی سلامتی کمیٹی کا عام انتخابات وقت پر کرانے کا عزم
اسلام آباد: قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں عام انتخابات پرامن ماحول میں مقررہ وقت پر کرانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے جب کہ وفاقی کابینہ نے بھی ایران کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی حمایت کردی ہے۔
پاک ایران کشیدگی اور ملکی صورتحال کے پیش نظر نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں تمام سروسز چیفس اور وفاقی وزرا نے شرکت کی۔
ملاقات میں ایران کے ساتھ تعلقات اور حالیہ کشیدگی پر ملک میں 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے التوا ء کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی جب کہ فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عام انتخابات پرامن ماحول میں مقررہ وقت پر ہوں گے۔