بھارت نے 6وکٹوں کے نقصان پر 336رنز بنا لئی انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ
وشاکاپٹنم۔(سپورٹس ڈیسک)یشسوی جیسوال کی شاندارناقابل شکست سنچری کی بدولت بھارت نے انگلینڈ کے خلاف کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنا لئے۔ بھارتی اوپننگ بلے باز یشسوی جیسوال شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 179رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ یشسوی جیسوال کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت بھارت کی انگلینڈ کے خلاف میچ میں پوزیشن بھی بہتر ہوگئی۔ یشسوی جیسوال 179رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔انگلینڈ کی طرف سے ریحان احمد اور شعیب بشیر نے دو، دو جبکہ جیمز اینڈرسن اور ٹام ہارٹلی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔جمعہ کو ڈاکٹر وائے ۔ایس راج شیکھرا ریڈی اے سی ایس۔وی ڈی سی اے کرکٹ سٹیڈیم، وشاکاپٹنم میں دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ شروع ہوا تو بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، بھارتی ٹیم نے اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا جب اس کی پہلی وکٹ 40 کے مجموعی سکور پر گر گئی ، کپتان روہت شرما 14 رنز بناکر اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے شعیب بشیر کی گیند پر اولی پوپ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔شبمن گل بھارت کے دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 34 رنز بناکر جیمز اینڈرسن کی گیند پر بین فوکس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔شریاس آئیر تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو ٹام ہارٹلی کی گیند پر بین فوکس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے ، اس موقع پر بھارت کا مجموعی سکور تین وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز تھا۔رجت پاٹیدار32 رنز بناکر ریحان احمد کی گیند کا نشانہ بنے۔اکشر پٹیل بھارت کے پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 27 رنز بناکر شعیب بشیر کی گیند پر ریحان احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔وکٹ کیپر سریکر بھارت چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 17 رنز بناکر ریحان احمد کی گیند پر شعیب بشیر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔میچ کے پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنالئے تھے۔یشسوی جیسوال 179 اور روی چندرن ایشون 5 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ انگلینڈ کی طرف سے ریحان احمد اور شعیب بشیر نے دو، دو جبکہ جیمز اینڈرسن اور ٹام ہارٹلی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔