آج کی تازہ ترین خبریںپاکستان

پاکستانیوں اور کشمیری اٹوٹ رشتے میں بندھے ہیں:نگراں وزیراعظم

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ۔ مظفر آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ یہ محض دعوی نہیں بلکہ حقیقت برمبنی ہے، پاکستانیوں اور کشمیری اٹوٹ رشتے میں بندھے ہیں، جغرافیائی قربت، مشترکہ تاریخ اور عقیدہ اس بندھن کے اہم عناصر ہیں، ہمارے تہوار ایک ہیں، دل ایک ہی تال پر دھڑکتے ہیں اور ہماری رگوں میں ایک ہی خون رواں ہے۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم حقِ خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، مسئلہ کشمیر کا حتمی و منصفانہ حل صرف اور صرف اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزاد و غیر جانب دار استصوابِ رائے کے تحت ممکن ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، نہتے و معصوم کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی تشویش ناک اور قابل مذمت ہے، پاکستان حقِ خود ارادیت کے حصول تک اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔اسپیکر قانون ساز اسمبلی و وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے وزیراعظم کی یومِ یکجہتیِ کشمیر کیلئے مظفر آباد آمد کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو وزیر اعظم انوار الحق کی یومِ یکجہتیِ کشمیر کیلئے مظفر آباد آمد سے واضح پیغام پہنچ گیا ہے کہ پاکستانی اور کشمیری بہن بھائیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔بعد ازاں آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے قرار دیا تھا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اسی لیے جموں کشمیر میں ہونے والے مظالم سے لاتعلق نہیں رہ سکتے، کوئی بھی یہاں کے عوام کی مرضی کے بغیر یہاں کا کوئی بھی حل مسلط نہیں کرسکتا، کشمیر کاز کے لیے ہمارے عزم پختہ ہے، کشمیر ہمیشہ سے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں اہم رہا ہے، ہمارے معاشرے کے اہم طبقات اور عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم یو این او کی قرارداد کے مطابق کشمیر کے لیے ہر طرح کی حمایت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں اسی لیے عالمی فورم پر ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت کی ہے۔کشمیر میں بھارتی مظالم پر دنیا کی خاموشی تشویش ناک اور قابل مذمت ہے، کشمیر کا حل صرف اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق کشمیریوں کی رائے لینے سے ہی ممکن ہے۔میڈیا کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفر آباد پہنچے، جہاں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر اور وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے ان سے ملاقات کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button