ڈی آر اوز نے دھاندلی کے الزامات کی تردید کردی
اسلام آباد: کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات کے بعد ان کے زیرانتظام انتخابات کرانے والے تمام اضلاع کے ڈپٹی ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز)نے دھاندلی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے الیکشن رولز اور الیکشن ایکٹ کے تحت انتخابات کرائے تھے۔ ہم نے اسے شفاف طریقے سے اور حلف کے تحت کیا ہے اور ہم پر کوئی دباؤ نہیں تھا۔راولپنڈی میں لیاقت علی چٹھہ کے الزامات کے بعد تعینات ہونے والے کمشنر راولپنڈی سیف انور جھاپہ نے ڈی سی آفس میں پانچوں اضلاع کے ڈی آر اوز کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔
پریس کانفرنس میں ڈی آر او راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ڈی آر او چکوال قر العین، ڈی آر او اٹک را عاطف رضا نے بھی شرکت کی۔ڈی آر او راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا کہ ہم نے الیکشن کو شفاف بنایا، ہم تمام الزامات کی تردید کرتے ہیں اور تمام الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ڈی آر او اٹک را عاطف نے کہا کہ ہم نے اٹک میں انتخابات کو شفاف بنایا، ہم پر کوئی دباؤ نہیں تھا۔ڈی آر او جہلم کیپٹن سمیع نے کہا کہ بطور ڈی آر او جہلم میں سابق کمشنر کے الزامات کی تردید کرتا ہوں، ہم پر کوئی دباؤ نہیں تھا، ہم نے جہلم کی تمام قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر شفاف انتخابات کرائے ہیں۔ڈی آر او چکوال قر العین نے بھی الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے الیکشن ایکٹ اور الیکشن رولز کے تحت پولنگ کرائی، ہم نے چکوال میں تمام انتخابات حلف کی پاسداری کرتے ہوئے کرائے ہیں۔ڈی آر او تلہ گنگ خاور بشیر نے کہا کہ ہم نے تلہ گنگ میں انتخابات کو صاف اور شفاف کرایا، سابق کمشنر کے الزامات کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ڈی آر او چکوال نے کہا کہ ہم نے الیکشن ایکٹ کے تحت کرائے ہیں، چکوال میں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی تمام نشستوں کے انتخابات ہم نے حلف کے تحت کرائے ہیں۔