عمران خان کا انتخابی دھاندلی کے خلاف آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا فیصلہ
راولپنڈی: بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الیکشن میں دھاندلی کے خلاف آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
بیرسٹر گوہر علی خان اور سینیٹر علی ظفر نے عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آج آئی ایم ایف کو خط لکھیں گے۔
علی ظفر نے کہا کہ آئی ایم ایف، یورپی یونین کا اپنا مینڈیٹ ہے، گڈ گورننس آئی ایم ایف کا میرٹ ہے، جس ملک میں جمہوریت نہیں وہاں بین الاقوامی ادارے کام نہیں کرتے۔
پاکستان میں پوری دنیا نے دیکھا کہ عوام کا ووٹ چوری ہوا، جمہوریت چوری کے مینڈیٹ پر نہیں چل سکتی، فنڈنگ کرنے والے ادارے جب دیکھتے ہیں کہ جمہوریت نہیں ہے تو قرضے نہیں دیتے۔
اگر آئی ایم ایف بات کرنا چاہتا ہے تو پہلے انتخابی دھاندلی کا آڈٹ کرے۔
ہمارا خط آئی ایم ایف کے پاس جائے گا، آئی ایم ایف سے بحث کرنی ہے تو پہلے انتخابات میں دھاندلی کا آڈٹ کرائیں۔
آڈٹ میں جہاں بھی فراڈ ثابت ہو اسے ختم کیا جائے اور پھر آئی ایم ایف سے بات کی جائے۔
آئی ایم ایف سے جو معاہدہ ہوگا، ہم نے اسے دھاندلی کے خلاف آڈٹ سے مشروط کر دیا ہے، پہلے ہم نے آئی ایم ایف سے کہا تھا کہ آزادانہ اور منصفانہ الیکشن کرائے جائیں۔