اسٹیبلشمنٹ نے منصوبہ بندی کے تحت دھڑے بندی کی, نواز شریف، آصف زرداری کو ‘جعلی’ کامیاب کرایا گیا، لیاقت بلوچ،
جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے عام انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کو جعلی بنیادوں پر کامیاب کرایا گیا، اسٹیبلشمنٹ نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دھڑے بندی کی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ظلم و جبر کے نظام کے خلاف جدوجہد تیز ہوگی، 8 فروری 2024 کو عام انتخابات کے دوران مشکل صورتحال کے باوجود ہم نے 25 لاکھ ووٹ حاصل کیے، پاکستان کو مستحکم کرنے کے لئے ہم عوام سے براہ راست رابطے میں رہیں گے۔
جماعت اسلامی کے رہنما کا کہنا تھا کہ اتحاد کی سیاست ملک کو مزید مشکلات میں ڈالتی ہے، مسالک کی بنیاد پر تقسیم نے مذہبی جماعتوں کی طاقت کم کردی، اسٹیبلشمنٹ نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دھڑے بندی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن انجینئرڈ، دھاندلی زدہ اور متنازعہ ہے، چار دیواری میں بیٹھ کر عوام کے مینڈیٹ کو دھوکہ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کو جعلی بنیادوں پر کامیاب کرایا گیا، ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی والی نشستوں سے انکار کیا جائے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کرانے کے لیے سب کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا کیونکہ آج عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔
جماعت اسلامی کے نائب امیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا علاج مارشل لا یا آئین سے بالاتر کوئی نہیں، جمہوریت ہی ملکی مسائل کا واحد حل ہے۔