سائنس ٹیکنالوجی اور حج کی وزارت لینے سے ایم کیو ایم کا انکار
لاہور: ایم کیو ایم کو سندھ کی گورنر شپ اور دو سے تین وزارتیں ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق (ن) لیگ نے کابینہ میں وزرا کی تعداد کم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور وفاقی کابینہ میں وزرا کی تعداد 20 ہونے کی صورت میں ایم کیو ایم کو دو وزارتیں ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کو میری ٹائم کی وزارت مل سکتی ہے لیکن انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت ملنے کا کوئی امکان نہیں جب کہ سندھ کی گورنر شپ کے لیے نام پر ایم کیو ایم میں دو رائے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کا ایک گروپ کامران ٹیسوری کو گورنر اور دوسرا گروپ خوش بخت شجاعت کو گورنر بنانا چاہتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے 5 وزارتوں کا مطالبہ کیا تھا تاہم (ن) لیگ نے ایم کیو ایم کو 2 وزارتوں کی پیشکش کی تھی جس میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور وزارت حج کی پیشکش کی گئی تھی تاہم ایم کیو ایم نے دونوں وزارتوں کو مسترد کردیا اور ان کو لینے سے انکار کر دیا۔