مریم نواز کا دورہ کوٹ لکھپت جیل’ قیدیوں سے بات چیت
لاہور: وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے سینڑل جیل کوٹ لکھپت میں قیدی خواتین کے ساتھ روزہ افطار کیا۔ مریم نواز نے سینٹرل جیل کے لان میں پودا لگایا اور متعلقہ حکام کو مزید درخت لگانے کی ہدایت بھی کی۔ علاوہ ازیں انہوںنے سیل کا دورہ بھی کیا جہاں ان کے والد نواز شریف کو رکھا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز جیل میں گزرے وقت کی یادیں تازہ کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔ مریم نواز نے کوٹ لکھپت میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے مخصوص 20 بیڈز پرمشتمل ہسپتال اور قیدیوں کیلئے ویڈیو کال سہولت کا بھی افتتاح کیا۔
بعدازاں وزیراعلی مریم نواز نے جیل کے کچن کا دورہ کیا اور قیدیوں کیلئے تیار کھانے کا جائزہ لیا اور معیار چیک کیا جبکہ قیدیوں سے بات چیت،مسائل اورضروریات کے بارے میں دریافت کیا۔
مریم نواز کی ہدایت پر مرد قیدیوں کو 15 ہزار روپے اور کپڑے اور خواتین قیدیوں کو 15 ہزارروپے، کپڑے اور چوڑیا ں دی گئیں۔