وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہو گئے
۔ اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے۔ میڈ یا کے مطابق وزیراعظم پی آئی اے کی پرواز پی کے 859 سے مدینہ منورہ روانہ ہوئے، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت 31 افراد پر مشتمل وفد روانہ ہوا۔ میڈیا کے مطابق پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ لاہور سے مدینہ منورہ چلا گیا، طیارے میں کیپٹن زمان اور فرسٹ آفیسر علی سعید سمیت عملے کے 14 ارکان ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 6 سے 8 اپریل تک سعودی عرب میں قیام کے دوران وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کریں گے اور مسجد نبوی میں نماز ادا کریں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ وزیراعظم سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت دیں گے۔ وزیراعظم کے وفد میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔ وزیراعظم اور ان کے وفد کے ارکان دورے کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کریں گے۔