گذشتہ ہفتے 22 اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں، ادارہ شماریات
اسلام آباد: رمضان المبارک کے بعد ملک میں مہنگائی کی شرح میں0.79 فیصد کی معمولی کمی واقع ہوئی ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی 28.56 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 22 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 11 اشیا کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی۔
گزشتہ ہفتے آلو اوسطا 12 روپے اضافے سے 78 روپے فی کلو ہوگئے، ٹماٹر اوسطا 13 روپے اضافے سے 117 روپے فی کلو تک پہنچ گئے جبکہ زندہ برائلرمرغی 54 روپے اضافے سے 516 روپے فی کلو تک فروخت ہوئی۔اسی طرح لہسن ، گوشت،دال ماش ، دال مونگ، دال چنا، خشک دودھ، چاول ، چینی اور پٹرولیم مصنوعات بھی مہنگی ہوئیں۔
اس کے برعکس 20 کلو آٹے کا تھیلا 130 روپے کمی سے 2323 روپے کا ہوگیا جبکہ ایل پی جی گھریلو سلنڈر 95 روپے کمی سے 3254 روپے کی سطح پر آگیا، گزشتہ ہفتے فی درجن انڈے 19 روپے سستے ہوکر 257 روپے فی درجن فروخت ہوئے۔