آج کی تازہ ترین خبریںپاکستان

9 مئی کرنے اورکرانے والوں کو آئین کیمطابق سزا دینی پڑے گی: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی :ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ 9 مئی کوئی ڈھکی چھپی چیز نہیں، اس کے شواہد عوام کے پاس بھی ہیں اور افواج پاکستان کے پاس بھی ہیں ،9مئی کو کرنے اور کرانے والوں کو آئین و قانون کے مطابق سزا دینی پڑے گی۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف طویل جنگ لڑی ہے ، اس دہشتگردی کی جنگ میں ہمارے جوان،بڑی تعداد میں شہری شہید ہوئے، خطے میں امن کیلئے پاکستان کا کردار اہم رہا ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہاکہ پاکستان طویل عرصے سے افغان مہاجرین کی مدد کررہا ہے، پاکستان نے افغان عبوری حکومت کی بین الاقوامی سطح پر ہر طرح سے مدد کی ہے، افغانستان کی سرزمین ٹی ٹی پی کے دہشتگرد استعمال کرکیپاکستان میں کارروائیاں کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے دہشتگرد پاکستان میں بدامنی پھیلانے کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال کررہے ہیں اس کے واضح شواہد موجود ہیں ، افواج پاکستان کی اولین ترجیح ملک میں امن و امان قائم کرنا ہے ، دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ 5 لاکھ سے زائد افغان شہری واپس جاچکے ہیں لیکن لاکھوں افغان شہری اب بھی پاکستان میں موجود ہیں، افغان شہریوں سے ملکی معیشت پر بوجھ پڑ رہا تھا اور امن و امان کی صورتحال خراب ہورہی تھی جبکہ بلوچستان میں دہشتگرد امن و امان کی صورتحال خراب کر رہے ہیں، افواج پاکستان دہشتگردوں کے سامنے دیوار بنی ہوئی ہے۔ان کاکہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کی چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے میں جوان شہید ہوئے، ناکام دہشتگردکارروائیاں ثبوت ہے کہ سکیورٹی فورسزدشمن کے عزائم ناکام بنا رہی ہیں، داسومیں چینی انجینئرز پرحملے کی کڑیاں بھی افغانستان سے ملتی ہیں ، داسو ڈیم حملے کا خود کش حملہ آور افغان تھا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بشام حملے کی منصوبہ بندی بھی افغانستان میں کی گئی، تربت میں ہونے والے دہشتگرد واقعے میں 1پاکستانی فوج کا جوان شہید اور 4دہشتگرد ہلاک ہوئے، حالیہ حملوں میں ملوث دہشتگرد افغان شہری ہیں، دہشتگردوں کو کٹہرے میں لانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، آرمی چیف کئی بار کہہ چکے ہیں پاکستان میں دہشتگردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ میجر جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ 23اپریل 2024پشین میں تین دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا اور ایک کو گرفتار کیا،پشین سے گرفتار دہشت گرد افغان شہری ہے، دہشتگردوں کے ناسور سے نمٹنے کیلئے 100سے زائد انٹیلی جنس آپریشن کیے جارہے ہیں، انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔ دہشتگردی کی جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک فوج کے جوان پاکستان کی خاطر جانوں کی لازوال قربانیاں دے رہے ہیں، دہشتگردی کی جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی، ان دہشتگردوں کا ریاست پاکستان،خوشحال مستقبل اور دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ترجمان پاک فوج کاکہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر 98فیصد اور پاک ایران بارڈر پر 91فیصد تک کام مکمل کیا جاچکا ہے، پاک افغان بارڈر پر دہشتگردوں کی روک تھام کیلئے 753قلعے مکمل کیے جاچکے ہیں، 2024میں مجموعی طور پر دہشتگردوں کے خلاف 13133چھوٹے بڑے آپریشنز کیے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کررکھا ہے ، بھارتی فوج ایل او سی پر نہتے کشمیریوں پر ظلم کررہی ہے، ہمارا اصولی مقف ہے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، بہادر کشمیریوں کی جدوجہد کامیاب ہوگی۔ہم اپنی سالمیت اورخودمختاری کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہندوستان باقی ممالک میں ماورائے ریاست ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا ہے، پاکستان میں 2شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی بھارت ملوث ہے، بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے، بھارت کی منصوبہ بندی سے اعلی سول اور عسکری قیادت بخوبی آگاہ ہے، اب تک متعدد مرتبہ بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیاں کی گئیں، پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور دیتے رہیں گے ہم اپنی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ کشمیریوں کی آواز کو سلب کرنے کیلئے بھارت سرگرم ہے، طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا، کشمیری عوام عالمی توجہ کے منتظر ہیں، تمام تر مشکلات کے باوجود بہادر کشمیریوں کی جدوجہد کامیاب ہوگی۔9 مئی کو عوام اور فوج کے درمیان نفرت پیدا کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ 9مئی صرف افواج پاکستان کا مقدمہ نہیں، 9مئی پورے پاکستان کے عوام کا مقدمہ ہے، فوج پر حملہ کیا گیا،بانی کے گھر کو جلایا گیا،عوام کے درمیان نفرت پیدا کی گئی، پاکستان کے نظام انصاف پر یقین قائم رکھنا ہیتو 9مئی کے ملزمان کو آئین و قانون کے مطابق سزا دینی پڑے گی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم سب نے 9مئی کے واقعے کو اپنی آنکھوں سے ہوتے دیکھا، لوگوں کے افواج ،ایجنسیوں اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈے سے ذہن بنائے گئے، کچھ سیاسی لیڈران نے چن چن کر اہداف دیئے کہ ادھر حملہ کرو، سب نے دیکھا ملک میں صرف فوجی تنصیبات پر حملے کرائے گئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button