پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2 دہشت گرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔
پنجگور: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 5 اور 6 اپریل کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے ضلع پنجگور میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد دہشت گرد اسد حسرت سمیت 2 دہشت گرد مارے گئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے قوم کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔