مخصوص نشستیں، نواز شریف کا اتحادی جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ
لاہور: مسلم لیگ(ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے اور سیاسی صورت حال پر اتحادی جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف کا اتحادیوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے، جس میں وہ اتحادی رہنماں سے مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر مشاورت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے قائدین سے مشاورت میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کی سیاسی صورتحال کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔
لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے اپنی جماعت کی سینئر قیادت کے اجلاس سے قبل اتحادی جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ خود تمام جماعتوں کے قائدین سے رابطہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف صدر آصف علی زرداری، چوہدری شجاعت حیسن اور مولانا فضل الرحمان، ایم کیو ایم اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت بلوچستان سے اتحادی جماعتوں کی قیادت سے بھی رابطے کرینگے اور تمام اتحادی قائدین سے رابطوں اور مشاورت کے بعد آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔