اڈیالہ جیل: عمران خان کے سہولت کار افسروں کا تبادلہ !
راولپنڈی (نیوزڈیسک)راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی مبینہ سہولت کاری کا نیٹ ورک پکڑے جانے کے بعد افسران کے تبادلے جاری ہیں۔اڈیالہ جیل کے 3 افسران کو تبادلہ کر دیا گیا جس کا آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل آفتاب احمد کا تبادلہ کردیا گیا، انہیں پنجاب اسٹاف ٹریننگ کالج بھیج دیاگیا۔آفتاب احمدکوسابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمداکرم کی جگہ تعینات کیاگیاتھا۔ آفتاب احمد بانی پی ٹی آئی کو بیرک سے لانے اور لے جانے کی ڈیوٹی دی گئی تھی۔اس کے علاوہ لیڈی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سمرہ جبین کا بہاولپور اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مظہراقبال اسلم کا ڈی جی خان تبادلہ کردیاگیا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سکیورٹی اداروں نے عمران خان کی سہولت کاری کے الزام میں اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو بھی حراست میں لیا تھا جبکہ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال سے بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ بھی جیل کے مزید 6 ملازمین کو حراست میں لیا گیا تھا۔سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کا لاپتہ ہونے کا کیس بھی عدالت میں زیر سماعت ہے۔