پاکستان اپنی قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کرے گا، صدر
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی قومی سلامتی اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ پاکستان دوسرے ممالک سے بھی یہی توقع رکھتا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نہ کرے۔
پاکستان میں ایران کی کارروائی پر انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی قومی سلامتی اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
صدر مملکت نے ایرانی شہریوں کو جانی نقصان سے بچانے کے ساتھ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے پر مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور کہا کہ دہشت گردی ایک مشترکہ چیلنج ہے جس کے خاتمے کے لیے عالمی کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام ریاستوں کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کرتا ہے۔ اسے باہمی مشاورت سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔