اسٹیٹ بینک کا تمام مالیت کے نئے کرنسی نوٹ متعارف کرانے کا فیصلہ

کراچی: قومی مرکزی بینک(ایس بی پی)نے تمام مالیت کے نئے کرنسی نوٹ متعارف کرانے کا اصولی فیصلہ کرلیاہے۔
مانیٹری پالیسی اجلاس کے بعد گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے صحافیوں سے مارکیٹ میں گردش کرنے والے جعلی کرنسی نوٹوں کے بارے میں سوال کیا جس پر ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک نے تمام مالیت کے نئے کرنسی نوٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نئے نوٹوں کو عالمی سیکیورٹی فیچرزکے ساتھ پرنٹ کیے جائیں گے اور اس کا رنگ، سیریل نمبر، ڈیزائن بھی ہائی سیکیورٹی فیچرز کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا۔
جمیل احمد نے کہا کہ تمام نئے نوٹوں کا ڈیزائن فریم ورک شروع کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ڈیزائنرز اور ٹیکنالوجی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی جا رہی ہیں، امید ہے کہ یہ مارچ تک مکمل ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ مارکیٹ میں ایک ہزار اور پانچ ہزار روپے کے جعلی نوٹ گردش کر رہے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں اور مالیاتی اداروں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گزشتہ ماہ ہونے والے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بھی اسٹیٹ بینک حکام 5 ہزار روپے کے جعلی نوٹ کی نشاندہی نہیں کر سکے۔