فرانس کے مشہور فٹبالر پال پوگبا پر ڈوپنگ کا الزام، 4 سال کی پابندی عائد روم
، اٹلی: اطالوی فٹبال کلب اور فرانس کے قومی کھلاڑی پال پوگبا پر ڈوپنگ ٹیسٹ مثبت آنے پر 4 سال کی پابندی عائد کر دی گئی۔ اطالوی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ پوگبا پر اس سیزن کے آغاز میں ڈوپنگ کی وجہ سے چار سال کی پابندی لگائی گئی تھی، لیکن وہ اس فیصلے کے خلاف ثالثی عدالت میں اپیل کر سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اسپورٹس پراسیکیوٹر کی اپیل پر پوگبا پر چار سال کی پابندی لگائی گئی ہے تاہم فرانسیسی کھلاڑی پابندی کے خلاف اپیل کریں گے۔ اطالوی کلب یووینٹس نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا تاہم ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ کلب کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور اگلے لائحہ عمل کا جائزہ لیا جائے گا۔ 30 سالہ یووینٹس فٹبالر نے کسی بھی غلط کام سے انکار کیا ہے اور وہ جون 2026 تک کلب کے ساتھ معاہدہ کے تحت ہیں۔ پوگبا نے بیان میں کہا کہ ’’مجھے آج نیشنل اینٹی ڈوپنگ ٹریبونل (نیڈو اٹلی) کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ یہ فیصلہ درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں افسردہ، پریشان اور دل شکستہ ہوں کیونکہ میں نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر میں جو کچھ حاصل کیا وہ مجھ سے چھین لیا گیا ہے۔ فرانسیسی کھلاڑی نے کہا کہ وہ آج سنائے گئے فیصلے کے خلاف ثالثی کی عدالت میں اپیل کریں گے۔ دوسری جانب اٹلی کی قومی اینٹی ڈوپنگ تنظیم (Nido Italia) نے رازداری کا حوالہ دیتے ہوئے پوگبا کے معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔