ضلع اپرکوہستان میں ازسرنو تعمیر کی گئی جامع مسجد کومیلہ کا افتتاح
خیبر پختونخوا کے ضلع اپرکوہستان میں ازسرنو تعمیر کی گئی جامع مسجد کومیلہ کا افتتاح کر دیا گیا. جامع مسجد کومیلہ واپڈا کی جانب سے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لوکل ایریا ڈویلپمنٹ کے تحت 20 کروڑ 36 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے
10 مارچ 2024: صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع اپرکوہستان میں کومیلہ کے مقام پر ازسرنو تعمیر کی گئی جامع مسجد کا افتتاح کردیاگیا۔ یہ جامع مسجد داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لوکل ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت واپڈا کی جانب سے 20 کروڑ 36 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے۔ جامع مسجد سے ملحقہ ایک مدرسہ بھی تعمیر کیا گیا ہے، جس کا مقصد علاقہ میں اسلام علوم کی ترویج ہے۔ مذکورہ مسجد کی تعمیر اگست 2021 میں شروع کی گئی تھی۔ یہ خوبصورت اور دلکش مسجد کومیلہ شہر کے عین وسط میں واقع ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ واپڈا داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ایریا میں مقامی لوگوں کی سماجی اور اقتصادی بہتری کے لئے 17 ارب 35 کروڑ روپے خرچ کررہا ہے۔ علاقہ میں زیرتعمیر سکیموں کا تعلق ازسرنو آبادکاری، سماجی بہتری اور ماحولیاتی ترقی سے ہے۔ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع اپرکوہستان میں داسو شہر سے بالائی جانب دریائے سندھ پر تعمیر کیا جارہا ہے۔ منصوبے سے بجلی کی پیداوار کا آغاز 2026 میں شیڈول ہے۔