پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کا کپتان تبدیل کردیا، بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والی 5 ٹی ٹوئنٹی سیریز کی کپتانی کریں گے، پاکستان کرکٹ بورڈ جلد باضابطہ اعلان کرے گا۔
بابر اعظم نے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد 15 نومبر 2023 کو تینوں فارمیٹس سے استعفیٰ دے دیا تھا، استعفیٰ کے بعد پی سی بی نے شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا۔
تاہم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کی کپتانی سنبھالنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی خطرے میں پڑ گئی۔
قومی ٹیم کے کوچز سے متعلق معاملات طے پاگئے۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز کے حوالے سے پی سی بی کے گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی سے معاملات طے ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیسٹ اور وائٹ بال کے لیے الگ الگ کوچز کا تقرر کیا جائے گا، گیری کرسٹن کو سفید گیند اور جیسن گلیسپی کو ریڈ بال کرکٹ کی کوچنگ دی جائے گی، دونوں کوچز سے مختلف امور پر بات چیت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے جلد فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔