کھیل

پاکستان بھارت کیخلاف ٹی 20 ورلڈ کپ کا اہم میچ بھی 6 رنز سے ہار گیا

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے بڑے مقابلے میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے بعد پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے دی۔

نیویارک کے نیساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے بڑے مقابلے میں پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کی پوری ٹیم 19 ویں اوور میں 119 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، ریشبھ پنٹ 42 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔

102 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان مقررہ 20 اوورز میں صرف 113 رنز بنا سکا، محمد رضوان 31 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی اننگز

120 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے کیا تاہم یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ دے سکی اور کپتان بابر اعظم 26 رنز کے مجموعی سکور پر 13 رنز بنا کر سوریا کمار یادیو کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 57 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب عثمان خان 13 رنز بنا کر پٹیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، تیسری وکٹ 73 کے مجموعی سکور پر گری جب فخر زمان بھی 13 رنز بناکر پانڈیا کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔

پاکستان کی چوتھی وکٹ 80 کے مجموعی سکور پر گری جب محمد رضوان 31 رنز بناکر بمرا کی گیند پر بولڈ ہوگئے، پانچویں وکٹ شاداب خان کی گری جو 4 رنز بنا کرپانڈیا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، چھٹی وکٹ 102 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب افتخار احمد 5 رنز بناکر بمرا کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے، ساتویں وکٹ بھی 102 کے مجموعی سکور پر گری جب عماد وسیم 15 رنز بنا کر ارشدیپ سنگھ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بھارت کی باری

بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی نے اننگز کا آغاز کیا اور ایک اوور میں بغیر کسی نقصان کے 8 رنز بنائے تاہم دوبارہ بارش شروع ہونے کے باعث میچ کو ایک بار پھر روک دیا گیا، واضح رہے کہ ٹاس سے قبل بھی بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا ہے۔

بارش روکنے پر میچ کا دوبارہ آغاز ہوا اور دوسرے اوور کی دوسری گیند پر 12 رنز کے مجموعی سکور پر ویرات کوہلی 4 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جبکہ تیسرے اوور کی چوتھی گیند پر کپتان روہت شرما 13 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بھارت کی تیسری وکٹ 58 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب اکشر پٹیل 20 رنز بناکر نسیم شاہ کا شکار بنے، چوتھی وکٹ 89 کے مجموعی سکور پر گری جب سوریاکمار یادیو 7 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پانچویں وکٹ 95 رنز کے مجموعی سکور گری جب شیوام ڈوبے3 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے جبکہ چھٹی وکٹ ریشبھ پنٹ کی گری جو 42 رنز بنا کر عامر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ اگلی ہی گیند پر عامر نے رویندر جدیجا کوصفر پر بولڈ کرکے بھارت کی ساتویں وکٹ گرادی۔

بھارت کی آٹھویں وکٹ112 کے مجموعی سکور پر گری جب ہاردک پانڈیا حارث رؤف کی گیند پر 7 رنز بنا کر کیچ تھما بیٹھے جبکہ اگلی ہی گیند پر حارث رؤف نے جسپریت بمرا کو صفر پر آؤٹ کردیا، بھارت کی آخری وکٹ 119 کے مجموعی سکور پر گری جب ارشدیپ سنگھ 9 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور حارث رؤف نے 3،3 ، محمد عامر نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس

نیویارک کے نیساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم میں ہونیوالے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے 19 ویں میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کے کپتان روہت شرما کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

قومی سکواڈ

پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت بابراعظم نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، عثمان خان، شاداب خان، فخرزمان ، افتخاراحمد، عماد وسیم ، محمد عامر، نسیم شاہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل تھے۔

بھارتی سکواڈ

بھارتی ٹیم کی کپتانی روہت شرما نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی، ریشبھ پنٹ، سوریاکماریادیو، شیوام ڈوبے، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، اکثرپٹیل، جسپریت بمرا، محمدسراج اور ارشدیپ سنگھ شامل تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان کو ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button