خیبرپختونخوا میں بارشوں سے 377 افراد جاں بحق، 355 گھر تباہ، بونیر میں 228 ہلاکتیں

پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں، فلش فلڈنگ و دیگر حادثات میں 377 افراد جاں بحق اور 182 افراد زخمی ہوچکے ہیں، 355 گھر مکمل تباہ ہوگئے اور 1022 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، صرف بونیر میں 228 افراد جاں بحق ہوئے۔پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں بارشوں، سیلابی ریلے، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر حادثات میں جانی نقصان اور املاک کی تباہی پر مبنی رپورٹ جاری کردی۔پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہوئے 377 افراد میں 294 مرد، 50 خواتین اور 33 بچے شامل جبکہ زخمیوں میں 145 مرد، 27 خواتین اور 10 بچے شامل ہے، سیلاب میں سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر میں اب تک مجموعی طور پر 228 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث اب تک 1377 گھر وں کو نقصان پہنچا جس میں 1022 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا اور 355 گھر مکمل منہدم ہوگئے۔یہ حادثات صوبے کے مختلف اضلاع سوات، بونیر، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لوئر اور بٹگرام، صوابی میں پیش آئے۔ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع ، موسمی صورتحال سے آگائی اور معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔وزیراعظم کی ہدایت: باجوڑ اور مانسہرہ کے لیے دو الگ الگ امدادی کھیپ روانہ،وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق این ڈی ایم اے کی خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان کی ترسیل جاری ہے، آج صبح باجوڑ اور مانسہرہ کے لیے دو الگ الگ امدادی کھیپ روانہ کی گئیں جن میں خیمے، کمبل، 7KVA جنریٹر، ڈی واٹرنگ پمپس، راشن بیگز اور ادویات شامل ہیں۔ امدادی سامان سیلاب متاثرین میں تقسیم کے لیے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیا جائے گا۔ این ڈی ایم اے، مسلح افواج اور فلاحی اداروں کے تعاون سے خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان کے لیے امدادی سامان روانہ کر رہا ہے، این ڈی ایم اے تمام متعلقہ سول اور عسکری اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔ این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری امدادی کاروائیوں کی ہمہ وقت نگرانی کر رہا ہے۔