رمضان المبارک کا آغاز، مساجد، امام بارگاہوں کی سیکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری

سیالکوٹ -رمضان المبارک کے آغاز کے باعث مساجد اور دیگر عبادت گاہوں کی سیکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں جب کہ سال اول کے پہلے جمعہ کے موقع پر بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔
ترجمان سیالکوٹ پولیس نے اے پی پی کو بتایا کہ تمام مساجد میں خاص طور پر نماز مغرب، عشاء اور تراویح کے اوقات میں مسلح پولیس اہلکار تعینات کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے جن کی ڈی ایس پیز اور ایس پیز خود نگرانی اور چیکنگ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مساجد کی انتظامیہ سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنے سکیورٹی گارڈز اور رضاکاروں کو چوکس رکھیں اور شرپسندوں پر کڑی نظر رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے چھوٹی بڑی مساجد اور امام بارگاہوں کے مرکزی دروازوں کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔