نئی فلم کے لیے ٹام کروز کے ایک اور جان لیوا اسٹنٹ کی تصاویر وائرل
ہالی وڈ کے 62 سالہ اسٹار ٹام کروز شوٹنگ کے دوران خطرناک اسٹنٹ خود کرنے کے لیے مشہور ہیں اور اس کے لیے اسٹنٹ مین کا سہارا نہیں لیتے۔خاص طور پر مشن امپاسبل سیریز کی فلموں نے ٹام کروز کے اسٹنٹس کو پوری دنیا میں مشہور کردیا ہے۔
مشن امپاسبل 8 کے لیے ان کے نئے اسٹنٹ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں۔ان تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ ٹام کروز ایک الٹے طیارے پر لٹکے ہوئے ہیں۔
مشن امپاسبل 8 کی شوٹنگ جاری ہے اور یہ فلم 23 مئی 2025 کو ریلیز ہوگی جو 2023 میں ریلیز ہونے والی فلم ڈیڈ ریکنگ کا دوسرا حصہ ہوگی۔کرسٹوفر میکوائر اس فلم کے ڈائریکٹر ہیں۔
اس سے قبل ٹام کروز نے مشن امپاسبل 7 کے ایک سٹنٹ کو اپنی زندگی کا خطرناک ترین اسٹنٹ قرار دیا تھا۔اس اسٹنٹ کے دوران ٹام کروز نے موٹرسائیکل کے ذریعے ایک پہاڑی سے نیچے چھلانگ لگائی تھی۔
ایک ویڈیو میں ٹام کروز اور فلم کے ڈائریکٹر کرسٹوفر میکوائر نے اسٹنٹ پر بات کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ وہ بہت خطرناک تھا۔اس اسٹنٹ کے لیے ٹام کروز نے 50 اسکائی ڈائیونگ سیشنز میں شرکت کی اور 13 ہزار بار موٹرسائیکل سے جمپ لگائی۔