لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد اور زلفی بخاری کے خلاف دائر درخواستیں مسترد کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے لاہور ہائیکورٹ میں زلفی بخاری کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی اور عدالت نے اپیلٹ ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھا۔
درخواست گزار تنویر احمد نے موقف اختیار کیا تھا کہ زلفی بخاری کے کاغذات نامزدگی حقائق کے منافی منظور کیے گئے اس لیے عدالت اپیلٹ ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے تاہم عدالت نے ان کی استدعا مسترد کر دی۔
لاہور ہائی کورٹ کے تین رکنی بینچ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 سے ڈاکٹر یاسمین راشد کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف بلال یاسین کی درخواست پر بھی سماعت کی اور ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھا۔
عدالت نے بلال یاسین کی درخواست خارج کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔