میں نے مشکل وقت میں کسی کا ساتھ نہیں چھوڑا،عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں’پرویز الہی
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، عمران خان اور پی ٹی آئی کے خوف سے دونوں لاڈلوں کی نیندیں حرام ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے سابق سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی کے ہمراہ اینٹی کرپشن عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے مشکل وقت میں کسی کا ساتھ نہیں چھوڑا، عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔سابق وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت تحریک انصاف کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ انشا اللہ 8 فروری کو پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب ہوں گے۔چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے خوف سے دونوں لاڈلوں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں اور ان میں عوام کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں ہے۔مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے خالی جلسے اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام نے ان لاڈلوں کو مسترد کر دیا ہے۔چوہدری پرویز الہی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں آزادانہ انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جا رہی، ہمارے امیدواروں کے گھروں اور انتخابی دفاتر پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی میں خوف و ہراس پھیلا کر کس کو خوش کیا جا رہا ہے۔پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ (اس صورتحال کے باوجود) ہم سیاسی مقابلے کے لیے تیار ہیں اور قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔