مسلم ممالک اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیں’ ایران
تہران: ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنہ ای نے مسلم ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرنے کے بجائے اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کریں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر خامنہ ای نے مسلم ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل سے جنگ بندی کا مطالبہ کرنا درست نہیں کیونکہ جنگ بندی آپ کے ہاتھ میں نہیں بلکہ صہیونی ریاست کے ہاتھ میں ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای کا مزید کہنا تھا کہ اگر اسرائیل چاہے تو جنگ بندی کریں اور نہ چاہے تو نہ کریں یہ ان کی مرضی ہے لیکن مسلمان ممالک کے ہاتھ میں جو چیز ہے وہ اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کرنا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے مسلم ممالک سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل سے نمٹنے کا صحیح طریقہ سفارتی تعلقات منقطع کرنا ہے۔ مسلم ممالک کو وہ کرنا چاہیے جو وہ خود کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں اب تک 25 ہزار 500 سے زائد فلسطینی شہید اور 63 ہزار زخمی ہو چکے ہیں۔شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف خواتین اور بچے ہیں۔