فیلڈ مارشل، ایئرچیف، وفاقی وزرا، بلاول سمیت دیگرکواعزازات سےنواز دیا گیا

معرکہ حق میں بھارت کو ذلت آمیز شکست دینے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو ہلال امتیاز جب کہ وفاقی وزرا، چیئرمین پیپلز پارٹی سمیت دیگر شخصیات کو نشان امتیاز سے نوازا گیا۔ایوان صدر میں ہونے والی پروقار تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے سول و عسکری شخصیات کو اعلیٰ اعزازت سے نوازا۔صدر مملکت کی جانب سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اعظم کی جانب سے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ بلاول بھٹو، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کو نشان امتیاز سے نوازا گیا۔اس کے علاوہ وزیر داخلہ محسن نقوی، احسن اقبال، شیری رحمان، فیصل سبزواری، مصدق ملک اور حنا ربانی کھر کو بھی سول اعزازات سے نوازا گیا، اس کے علاوہ طارق فاطمی، خرم دستگیر خان کو بھی اعلیٰ سول ایوارڈز سے نوازا گیا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کو حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران قومی بیانیہ عالمی سطح پر موثر اور کامیاب انداز میں پیش کرنے پر نشان ء امتیاز عطاء کیا گیا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال میں عطاء اللہ تارڑ نے سول و عسکری اداروں کی جانب سے اطلاعات کی ترسیل میں کامل ہم آہنگی پیدا کر کے بھارت کے پروپیگنڈے کو کامیابی سے ناکام بنایا اور پاکستان کے موقف کو عالمی فورمز پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔