چیف جسٹس کو دھمکیاں دینے کا معاملہ: نائب امیر ٹی ایل پی ظہیر الحسن شاہ گرفتار
لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان کو دھمکیاں دینے کے معاملے پر نائب امیر ٹی ایل پی ظہیر الحسن شاہ کو گرفتار کرلیا گیا
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی کو دھمکیاں دینے کے معاملے پر پولیس نے ٹی ایل پی کے نائب امیر ظہیر الحسن شاہ کو اوکاڑہ سے گرفتار کرلیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ظہیر الحسن شاہ اوکاڑہ میں نامعلوم مقام پر چھپے ہوئے تھے۔
قبل ازیں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی کو جان سے مارنے کی دھمکی پر ٹی ایل پی کے نائب امیر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے نائب امیر پیر ظہیر الحسن شاہ کے خلاف تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں ایس ایچ او حماد حسین کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، مذہبی منافرت، فساد پھیلانے، عدلیہ پر دبا ڈالنے، اعلی عدلیہ کو دھمکی، کار سرکار میں مداخلت اور قانونی فرائض میں رکاوٹ ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر دفاع اور وزیر وفاقی منصوبہ بندی نے آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیف جسٹس کو قتل کی دھمکیوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ ریاست قتل کے فتوے برداشت نہیں کرے گی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف شرانگیز گفتگو کی گئی۔ سوشل میڈیا پر عوام کو قتل پر اکسانے کی کوشش کی گئی۔ ایسی باتوں کی اجازت دی گئی تو ریاست کا شیرازہ بکھر جائے گا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ریاست پوری طاقت سے ایسے فتووں کا جواب دے گی۔